احساسات ‏(اسکدار)

0 comments
استنبول کی ایشیائی جانب" اسکدار ساحل" کے قریب نئے غریب خانے میں آئے ہوئے ایک مہینہ ہوا چاہتا ہے۔یہاں کھڑکی سے بر لب باسفورس یورپی کنارے پہ نظر آنے والے ڈولما باہچے محل کے منظر کے علاوہ سب سے دلچسپ چیز   پڑوس میں رہنے والے افراد ہیں،اکثریت مذہبی اور بہترین اخلاق والے ہیں،ہمارے سامنے ایک عبداللہ نام کے ترک بزرگ رہتے ہیں جو آئے دن کسی نہ کسی بہانے سے اپنا ٹول بکس اٹھا کر ہمارے گھر آ جاتے ہیں اور کوئی نہ کوئی کام اپنی مرضی سے  فی سبیل اللہ کر جاتے ہیں ، اور اس سے متعلق ضروری اشیاء بھی خود ہی خرید لاتے ہیں ایک بار اپنی انگلیاں بھی زخمی بھی کروا بیٹھے مگر باز نہیں آئے۔ آج تک ہمارے گھر سے ایک کپ چائے بھی نوش نہیں فرمائی مگر جیسے ہی  شام کو  گھر واپسی ہوئی تو معلوم ہوا کہ عبداللہ چچا ہم احباب واسطے آج  پنیر کا بنا ہوا  لذیز بوریک گھر دے گئے ہیں۔مالک مکان کی بیوی بھی ایک نہایت اعلی ظرف کی  بزرگ خاتون ہیں ،گزشتہ دنوں اپنے بیٹے کے ہمراہ  کچھ دیر  کو ہمارے ہاں ٹھہریں ،ہم نے اپنی سہولت کے لیے گھر کا کچھ کام کروایا معلوم پڑا  تو اسکے پیسے کرائے میں سے واپس کروائے اور روانگی سے کچھ ہی دیر بعد مزید کارپٹس دے کر اپنے بیٹے کو بھیج دیا ۔ 
یقیناً ہم میں سے ہر کسی کے ساتھ معاملات مختلف ہو سکتے ہیں لیکن ہم بلا شبہ کہہ سکتے ہیں یہاں کے مذہبی اور روایتی لوگوں میں آپ ہر گز اجنبیت محسوس نہیں کریں گے۔الحمداللہ ہم یہاں بھی بزرگوں کی نصیحت  و نظر کرم سے محروم نہیں ہیں۔اور بحیثیت مسلم و پاکستانی جو محبت ہم یہاں سمیٹ رہے ہیں اس کے لیے احسان مند ہیں۔
انس اعوان